Encyclopedia of Muhammad

کوٹلیہ چانکیہ

چانکیہ ( 283– 375قبل مسیح)ذات کا برہمن ،رشی خاندان سے تعلق رکھنے والا ایک فلسفی اور پاٹلی پتر (پٹنہ) کے شہنشاہ چندر گپت کا وزیر تھا، اس کا اصلی نام "وشنو گپت" تھا۔ یہ بڑا داناشخص تھااس لیے عوام اور راجا اسے" چانکیہ" کے نام سے پکارتے تھے، نہایت ذہین ہونے کے ساتھ ساتھ یہ بڑا ہی کُٹِل (حاسد) تھا اس لیے "کوٹلیہ" کے نام سے مشہور ہوا۔ہندوستان کی تاریخ میں اسے بہت بڑا مدبّر اور اعلی ٰسیاست دان تصور کیا جاتا ہے۔اس نے اپنے دورِ وزارت میں چندر گپت کی بہت مدد کی۔ اس کے مشوروں سے ہی چندر گپت نے پنجاب فتح کیا اور پھر مگدھ کے نند بادشاہ کو تخت سے اتار کر خود اس پر قبضہ جمانے میں کامیاب رہا۔ چانکیہ دھن کا پکا اور اوّل درجے کا ذہین، زیرک اور سازشی ذہن رکھنے والا شخص تھا۔ لیکن اس میں ایک بڑی خوبی یہ تھی کہ باوجود عیش و عشرت کے تمام سامان مہیا ہونے کے حددرجہ سادہ زندگی بسر کرتا تھا۔ شاہی محل کے نزدیک ایک جھونپڑی میں اس کی رہائش تھی۔ اس نے کئی ایک فلسفیانہ جبکہ سیاست پر ایک مشہور کتاب ’’ارتھ شاستر‘‘ لکھی۔