Encyclopedia of Muhammad

اساف ونائلہ

اہل مکّہ کے دو معبودوں کے نام اساف اور نائلہ تھا۔ یہ کسی زمانے میں جیتے جاگتے انسان تھے۔ اساف بنی جرہم کا ایک مرد تھا جس کا پورا نام اساف بن یعلیٰ تھا اور نائلہ قبیلہ جرہم سے تعلق رکھنے والی عورت تھی، اس کا پو را نام نائلہ بنت زید تھا۔ یہ دونوں یمن میں رہتے تھے ۔ قافلہ کے ساتھ حج کرنے کے لیے یہ دونوں مکّہ آئے اوراسی اثناء میں کعبہ میں داخل ہوئے، وہاں اور کوئی آدمی نہیں تھا، اس تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے وہاں بد فعلی کا ارتکاب کردیا جس کے سبب اللہ تعالیٰ نے ان دونوں کو پتھر كا بنا دیا۔جب لوگ کعبہ کے اندر گئے تو ان کو اس مسخ شدہ حالت میں دیکھ کر وہاں سے اٹھا یا اور باہر رکھ دیا تاکہ ان کے دردناک انجام سے لوگ عبرت حاصل کریں۔ جب انہیں یہاں پڑےہوئےا یک مدت گزر گئی اور بت پوجنےکا رواج ہوگیا تو دیگر بتوں کے ساتھ ساتھ ان کی بھی پوجا کی جانے لگی۔ ان میں سے ایک کعبے سے متصل تھا دوسرا زم زم کےمقام پر تھا۔ قریش نے کعبے کے پاس والےبت کواٹھاکر دوسرے بت کےساتھ رکھ دیا۔ اہل عرب ان دونوں کے پاس آکر جانور اور اونٹ ذبح کیا کرتے تھے۔ فتح مکّہ کے بعد آنحضرت ﷺ نے حکم دیا کہ ان کواوندھے منہ کردیا جائے۔ بعد میں انہیں مسجد حرام سے نکال کر جلادیا گیا۔